اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ؟بڑی خبر آ گئی
لاہور (25 مارچ 2026):
وزیراعظم کفایت شعاری مہم کے تحت اسکولوں کی تعطیلات میں اضافے سے متعلق وزیر تعلیم پنجاب کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کفایت شعاری مہم کے تحت ملک بھر میں اسکولوں میں 16 مارچ سے 31 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
بعد ازاں اسکولوں کی تعطیلات میں اضافے کی خبریں سامنے آئیں، جس پر وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام کو سختی سے تاکید کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کا شکار نہ ہوں۔ اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں اور حکومت نے اس حوالے سے کسی بھی فیصلے کی اب تک منظوری نہیں دی ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے والدین سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر اس وقت تک یقین نہ کریں جب تک مستند سرکاری چینلز سے اس کی تصدیق نہ ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پنجاب حکومت وزیراعظم کے کفایت شعاری منصوبے کے تحت کئی تجاویز پر غور کر رہی ہے، انمیں ایک اسکولوں کی تعطیلات میں 15 اپریل تک توسیع کی تجویز بھی شامل ہے۔



