
مظفرآباد
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے نیشنل پروگرام برائے فیملی پلاننگ اینڈ پرائمری ہیلتھ کیئر (FP&PHC) کے ملازمین کی ریگولرائزیشن/کنفرمیشن کے لیے واضح طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری جناب صدر آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ مؤرخہ 01 جنوری 2013، عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر کے فیصلہ مؤرخہ 27 فروری 2023، نیز متعلقہ ریگولرائزیشن نوٹیفکیشنز اور ایکٹ 2017 کی روشنی میں دی گئی ہے۔
اس پالیسی کے تحت وہ تمام ملازمین جو یکم جولائی 2012 کو مذکورہ پروگرام میں خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں قواعد و ضوابط کے مطابق ریگولرائز/کنفرم کیا جائے گا۔
جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق گریڈ 16 اور 17 کی اسامیوں پر تعینات ملازمین کے کیسز سلیکشن بورڈ نمبر 03 میں پیش کیے جائیں گے، جس میں سپیشل سیکرٹری صحت عامہ اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ قانون بطور اضافی ممبران شامل ہوں گے۔
اسی طرح غیر جریدہ اسامیوں کے لیے متعلقہ سلیکشن کمیٹیوں میں کیسز زیر غور لائے جائیں گے، جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) نظامت اعلیٰ صحت عامہ کو بطور اضافی ممبر شامل کیا گیا ہے۔
سلیکشن بورڈ اور کمیٹیاں متعلقہ ملازمین کے ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کریں گی، جس میں اسامیوں کی باقاعدہ تشہیر، میرٹ پر تقرری، قواعد و ضوابط کی پاسداری، اور مطلوبہ تعلیمی اہلیت جیسے عوامل کو مدنظر رکھا جائے گا۔
حتمی سفارشات مجاز اتھارٹی کو ارسال کی جائیں گی، جن کی منظوری کے بعد متعلقہ ملازمین کی ریگولرائزیشن/کنفرمیشن کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
حکومت کے اس اقدام کو محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ملازمین کو درپیش مسائل میں کمی آئے گی بلکہ صحت کے نظام کی کارکردگی میں بھی بہتری متوقع ہے۔


