
محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے زیر اہتمام پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ پروگرام کے لیے درخواستیں طلب
مظفرآباد
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے ٹیچنگ ہسپتالوں اور آزاد کشمیر سے باہر مختلف شعبہ جات میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ (FCPS Part-II/MCPS) کے لیے آزاد کشمیر کے نیشنل میڈیکل گریجویٹس سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور، SKBZ/CMH مظفرآباد، SKBZ/CMH راولاکوٹ، AIMS مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر سے باہر مختلف اسپیشلٹیز میں مجموعی طور پر 41 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ ان نشستوں میں جنرل سرجری، جنرل میڈیسن، گائنی اینڈ آبس، یورولوجی، ای این ٹی، ریڈیالوجی، ڈرماٹولوجی، آرتھوپیڈک، پیڈز، نیورولوجی، پلمونولوجی، نیورو سرجری، کریٹیکل کیئر مینجمنٹ، ایمرجنسی کیئر اور دیگر اہم شعبہ جات شامل ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق درخواستیں صرف آزاد کشمیر کے اسٹیٹ سبجیکٹ ہولڈرز سے طلب کی گئی ہیں جبکہ میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ امیدواران اپنی مکمل درخواستیں بمعہ مطلوبہ دستاویزات مورخہ 15 جون 2026 تک ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آفس F-Block نیو ڈسٹرکٹ کمپلیکس اولڈ سیکرٹریٹ مظفرآباد میں جمع کروائیں گے۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ نامکمل یا مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں قابل قبول نہیں ہوں گی۔ مزید برآں منتخب امیدواروں کے لیے حلف نامہ اور شورٹی بانڈ جمع کروانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت تربیت مکمل کرنے کے بعد محکمہ صحت میں خدمات انجام دینا ہوں گی۔ درخواست فارم محکمہ صحت آزاد کشمیر کی ویب سائٹ https://health.ajk.gov.pk/ سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار آفتاب حسین۔

