آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سرکاری اشتہارات کی اشاعت کے طریقہ کار سے متعلق اہم سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ مراسلے میں تمام ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری صاحبان حکومت اور جملہ سربراہان محکمہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری اشتہارات کی اشاعت کے دوران مقررہ قواعد و ضوابط اور گزٹ 06۔01 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے روزنامہ اخبارات میں ایسے اشتہارات شائع کیے جا رہے ہیں جو قواعد کے مطابق نہیں ہوتے، جس کے باعث انتظامی اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام محکمہ جات اشتہارات کی اشاعت کے دوران PPRA رولز کو مدنظر رکھتے ہوئے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنائیں۔ اوپن میرٹ کے تحت آسامیوں کی تشہیر کے لیے کم از کم دو قومی اور چار مقامی اخبارات کا انتخاب لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ اشتہارات کی وسیع پیمانے پر تشہیر ممکن بنائی جا سکے اور زیادہ سے زیادہ امیدواروں تک معلومات پہنچ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ درخواستیں وصول کرنے کے لیے تاریخ اشاعت سے کم از کم پندرہ (15) روز کی مدت دینا ضروری ہوگا تاکہ امیدواروں کو درخواست جمع کروانے کے لیے مناسب وقت میسر آ سکے۔سرکلر میں مزید تاکید کی گئی ہے کہ تمام اشتہارات متعلقہ آسامیوں کے مطابق مکمل تفصیلات کے ساتھ شائع کیے جائیں، جن میں آسامی کا نام، مطلوبہ اہلیت، تجربہ، عمر کی حد، درخواست جمع کروانے کا طریقہ کار اور دیگر ضروری معلومات واضح طور پر درج ہوں تاکہ کسی بھی قسم کی ابہام یا شکایت سے بچا جا سکے۔ حکومت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ گزٹ 06. 01 کے مجریہ قواعد کی روشنی میں اشتہارات کی اشاعت کا مکمل اہتمام کیا جائے تاکہ غیر ضروری مقدمات بازی، انتظامی مسائل اور قانونی پیچیدگیوں سے آزاد حکومت کو محفوظ رکھا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *